نئی دہلی،29؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں ایک طرف جہاں کووِڈ-19سے متاثرہ افراد کی تعداد منگل کو 30 ہزار سے تجاوز کرگئی وہیں اس کے علاج کے طور پر پلازمہ تھیراپی پر انحصار سے مرکزی حکومت نے گریز کا مشورہ دیا ہے۔ وزارت صحت میں جوائنٹ سیکریٹری لو اگروال نے منگل کو معمول کی بریفنگ میں بتایا کہ کووِڈ-19؍ کے معمول کے علاج کے طور پر پلازمہ تھیراپی کو نہیں اپنایا جاسکتا۔ اسے اس وقت تک صرف ریسرچ اور ٹرائل کے طورپر ہی استعمال کیا جانا چاہئے جب تک کہ سائنسی ثبوتوں کے ذریعہ یہ واضح نہ ہوجائے کہ یہ کورونا کے علاج میں موثر ہے۔
متاثرین کی تعداد 30 ہزار سے تجاوزکرگئی: مرکزی وزارت صحت نے منگل کی شام اس بات کی تصدیق کی کہ 937؍ نئے معاملات کے ساتھ ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 29؍ ہزار 974 ہوگئی ہے۔ پیر کی شام سے منگل کی شام تک ۵۱؍ مزید ہلاکتوں کے ساتھ جہاں کورونا سے متاثر ہونے کے بعد جہاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار ۵۹۴؍ ہوگئی ہے وہیں صحت یاب ہونے والوں کی شرح میں بھی بہتری آئی ہے۔ وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق منگل کی شام تک کووِڈ-19؍ سے متاثرہ 22؍ ہزار افراد زیرعلاج ہیں جبکہ ۷؍ ہزار ۲۶؍ صحت یاب ہوچکے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی شرح44.23فیصد ہوگئی ہے۔
پلازمہ تھیراپی پر انحصار سے گریز کا مشورہ: مرکزی وزارت صحت نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں کورونا وائرس ’کووڈ-19‘ کے علاج کیلئے پوری طرح سے پلازمہ تھیراپی پر انحصار کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پلازمہ تھیراپی سمیت کورونا وائرس کے لئے اب تک کوئی منطور شدہ تھیراپی نہیں ہے۔ پلازمہ تھیراپی کا ابھی جائزہ لیا جارہاہےمگر اب تک کوئی ایسا ثبوت نہیں ہے جو اسے کورونا کا علاج ثابت کرتا ہو۔‘‘ لو اگروال نے ساتھ ہی متنبہ کیا کہ ’’یہ ابھی تجرباتی مراحل میں ہے اوراگر احتیاط نہ برتی گئی تو اس سے جان کو خطرہ بھی لاحق ہوسکتا ہے۔‘‘
پلازمہ تھیراپی کی افادیت کا مطالعہ: وزارت صحت نے بتایا کہ ملک کا سب سے بڑا میڈیکل ادارہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کورونا وائرس ’کووِڈ-19‘ کے علاج میں پلازمہ تھیراپی کی افادیت کا جائزہ لے رہا ہے۔ لَو اگر وال نے کہا ہے کہ ’’ جب تک اس کا کوئی نتیجہ نہ آجائے ڈاکٹر اسے محض تجربہ کی بنیاد پر استعمال کریں۔‘‘
کئی مریضوں کو فائدہ : پلازمہ تھیراپی کے تعلق سے حکومت کا یہ انتباہ ایسے وقت میں آیا ہے جب دہلی کےبعد مہاراشٹر سمیت کئی ریاستوں میں نہ صرف کووڈ کے مریضوں کے علاج کیلئے استعمال کیا جارہاہے بلکہ اس سے مریضوں کو فائدہ بھی ہو رہا ہے۔ ملک کے مختلف اسپتالوں نے کووڈ سے صحت یاب ہونےوالے افراد کے خون کا پلازمہ اکٹھا کرنا شروع کردیا ہےتاکہ دیگر مریضوں کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ کچھ دن قبل ہی دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نےبتایاتھا کہ انتہائی نازک حالت سے دوچار کووِڈ کے ۶؍ مریض پلازمہ تھیراپی کے بعد ’’کم وبیش مکمل صحت یاب‘‘ ہوگئے ہیں۔ دہلی کے لوک نائک اسپتال میں پلازمہ تھیراپی کا استعمال شروع ہو چکا ہےجبکہ ایمس بھی اس کی تیاری کررہاہے۔